i پاکستان

کراچی میں پاک بحریہ کی کثیر القومی بحری مشق امن2023 کا آغازتازترین

February 10, 2023

کراچی میں پاک بحریہ کی 8 ویں کثیرالقومی بحری مشق امن کا آغاز ہوگیا ہے۔ مشق میں 50 سے زائد ممالک کے نمائندگان شریک ہیں۔ ترجمان پاک بحریہ کے مطابق بحری مشق امن 14 فروری تک جاری رہے گی۔کراچی میں جمعہ کو شروع ہونے والی امن مشق 2023 کی افتتاحی تقریب میں کمانڈر پاکستان فلِیٹ وائس ایڈ مرل اویس احمد بلگرامی مہمان خصوصی تھے۔ تقریب کے باقاعدہ آغاز پر فضا میں غبارے بھی چھوڑے گئے۔مشقوں کا مقصد بحری استحکام، آپریشنل تیاری اور مثبت تصور کو اجاگر کرنا ہے، امن مشق14 فروری تک جاری رہے گی۔ تقریب میں پاک بحریہ کے سربراہ امجد خان نیازی کا استقبالیہ پیغام پڑھ کر سنایا گیا۔نیول چیف کا کہنا تھا کہ میری ٹائم سیکیورٹی کو غیر روایتی خطرات کا سامنا ہے، امن مشق کی تعمیری کوشش ہمارے عزم کو ثابت کرتی ہے، مشقوں کا مقصد علاقائی امن وسلامتی کو یقینی بنانا ہے۔امجد خان نیازی نے مزید کہا کہ پاک بحریہ عالمی امن واستحکام کے لئے ہر اول دستے کا کام کررہی ہے، 50 ممالک کے دوستوں کو خوش آمدید کہتے ہیں، امن، ہم آہنگی اور استحکام کے لئے آگے بڑھنے والوں کا خیرمقدم کرتے ہیں۔انہوں نے امید ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ امید ہے اس بار کی مشقیں بھی سود مند ثابت ہونگی، ہم اپنے مہمانوں کی بہتر انداز میں میزبانی کریں گے۔نمائش میں 133 مقامی و بین الاقوامی ادارے اور کمپنیز کے نمائش کنندگان شرکت کر رہے ہیں، جن میں 21 غیرملکی اور 112 ملکی ادارے اور کمپنیز شامل ہیں۔ اس کے علاوہ بحرین، سعودی عرب، قطر، عمان، ترکی، برطانیہ، اٹلی، جرمنی، پرتگال، امریکا، کولمبیا، سری لنکا، ملائیشیا، گیمبیا، گنی بسا، ماریشس، مڈغاسکر، سیشلز اور قازقستان سمیت 17 ممالک کے 37 بین الاقوامی وفود بھی شرکت کر رہے ہیں۔

کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی