تہران (شِنہوا) ایرانی وزارت خارجہ کے ترجمان نے سینٹرل انٹیلی جنس ایجنسی (سی آئی اے) کے ڈائریکٹر کی جانب سے بے بنیاد دعوؤں کی مذمت کی ہے۔
ترجمان نے اس کو تہران اور ماسکو کے درمیان فوجی تعاون بارے میں ایران کے خلاف امریکی پروپیگنڈا جنگ کا ایک حصہ قرار دیا ہے۔
وزارت خارجہ کی ویب سائٹ پر جاری ہونے والے ایک بیان میں ناصر کنانی کے حوالے سے کہا گیا ہے کہ امریکی حکام نے اپنے بے بنیاد سیاسی دعوؤں اور ایران مخالف غیر قانونی اقدامات کا سلسلہ جاری رکھنے کے لیے اب تہران اور ماسکو کے درمیان روایتی دفاعی اور فوجی تعاون پر شکوک کا اظہار کیا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ جھوٹ اور دھوکہ دہی پر مبنی امریکی پروپیگنڈا مہم کا مقصد ایران کو سیاسی دباؤ میں ڈالنا، ایرانوفوبیا کو فروغ دینا اور اس کی اپنی جارحیت کو چھپانا ہے۔
کنانی نے اس بات کا اعادہ کیا کہ ایران اور روس کے درمیان مختلف شعبوں میں تعاون خاص طور پر دفاعی شعبے میں تعاون کسی تیسرے ملک کے خلاف نہیں ہے۔
امریکی پی بی ایس ٹی وی چینل کو انٹرویو دیتے ہوئے سی آئی اے کے ڈائریکٹر ولیم برنز نے ایران اور روس کے درمیان بڑھتے ہوئے تعاون پر تشویش کا اظہار کیا تھا۔
یوکرین اور مغربی ملکوں نے حال ہی میں ایران پر روس کو یوکرین میں جاری تنازعے میں استعمال کے لیے خودکش ڈرون برآمد کرنے کا الزام لگایا ہے۔ ایران نے متعدد مرتبہ ان الزامات کو بے بنیاد قرار دے کر مسترد کیا ہے۔