جدہ(شِنہوا) عرب لیگ کا 32 واں سربراہ اجلاس سعودی شہر جدہ میں اختتام پذیر ہوگیا جس میں منظورکئے گئے جدہ اعلامیہ میں علاقائی مسائل کے حل کے لیے عرب اتحاد پر زور دیا گیا ہے۔
العربیہ ٹی وی کے مطابق اعلامیے میں عرب لیگ (اے ایل) میں شام کی دوبارہ شمولیت کا خیرمقدم کیا گیا اور اس عزم کا اظہار کیا گیا کہ شام کے بحران سے نمٹنے میں مدد کے لیے عرب لیگ کی کوششوں کو تیز کیا جائے گا۔
اعلامیہ میں فلسطینی مسائل کے حل کے لیے عرب امن اقدام ، سوڈان میں کشیدگی میں کمی، لبنان کے نئے صدر کے انتخاب اور لبنان کو بحران سے نکالنے کے لیے ضروری اصلاحات پر زور دیا گیا اوریمن میں سلامتی و استحکام کو فروغ دینے کے اقدامات کی حمایت کی گئی۔
اعلامیے میں عرب ممالک کے داخلی معاملات میں غیر ملکی مداخلت کو مسترد کیا گیا اور ریاستی اداروں کے دائرہ کار سے باہر مسلح گروپوں اور ملیشیاؤں کی تشکیل کے لیے ہر قسم کی حمایت کو واضح طور پر مسترد کیا گیا ہے۔
العربیہ ٹی وی کے مطابق سربراہ اجلاس کے بارے میں بریفنگ کے لیے ایک پریس کانفرنس میں سعودی وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان السعود کا کہنا تھا کہ جدہ اعلامیہ مشترکہ عرب تعاون کو تقویت دے گا۔
سعودی وزیر نے اس بات کی تصدیق کی کہ فلسطین کا نصب العین عربوں کا بنیادی مقصد ہے اور امید ہےکہ عرب ممالک میں شام کی واپسی شام کے بحران کو ختم کرنے میں معاون ثابت ہوگی۔انہوں نے سوڈانی متحارب فریقوں پر زور دیا کہ وہ موجودہ مسلح جھڑپوں کو ختم کرنے کے لیے بات چیت کریں۔