کاروئیزاوا، جاپان(شِنہوا) گروپ 7 ممالک کے وزرائے خارجہ نے ماحولیاتی تبدیلی، آلودگی، حیاتیاتی تنوع کے نقصان،صحت ،خوراک اور توانائی کی موثر فراہمی جیسےعالمی چیلنجز سے نمٹنے کے اپنے عزم کا اظہار کیاہے۔
جاپان کےوسطی سیاحتی شہرکاروئیزاوا میں تین روزہ اجلاس کے بعد جاری بیان میں گروپ 7 ممالک کے وزرائے خارجہ نے تمام شراکت داروں سے مطالبہ کیا کہ وہ ان اہم عالمی چیلنجز سے نمٹنے میں شامل ہوں اور ایک بہتر، زیادہ خوشحال اور زیادہ محفوظ مستقبل کی تشکیل کے لیے مل کر کام کریں۔اس بات کا ذکرکرتے ہوئے آزاد اور منصفانہ تجارت سب کے لیے، خاص طور پر سب سے زیادہ کمزور لوگوں کے لیے لچکدار اور پائیدار ترقی کی کلید ہے وزرا نےآزاد اور منصفانہ تجارت کو فروغ دینے کے لیے اپنے عزم کا اظہار کیا۔
بیان میں اس بات کا اعتراف کیا گیا کہ سائنسی علم تک آزادانہ اور منصفانہ عوامی رسائی عالمی چیلنجز کو حل کرنے کے لیے ناگزیر ہے۔