فائل فوٹو، جاپان کے کیوٹو میں ایک بی وائی ڈی الیکٹرک بس کو دیکھا جا سکتا ہے۔(شِنہوا)
کیتاہیروشیما (شِنہوا) چینی گاڑی ساز کمپنی بی وائی ڈی نے ہوکائیڈو پریفیکچر کے شہر کیتاہیروشیما کو الیکٹرک بسوں کی ایک کھیپ پہنچا دی ہے جو کہ اس علاقے میں بجلی کے استعمال کو فروغ دینے اور کاربن کے اخراج کو ختم کرنے کی کوششوں کے سلسلے کی ایک کڑی ہے۔
مجموعی طورپر یہ پانچ بسیں مقامی کھیلوں اور تفریح کے کمپلیکس ،ہوکائیڈو بالپارک ایف و یلیج اور جاپان ریلو یز کیتاہیروشیما اسٹیشن کے درمیان شٹل بسوں کے طور پر کام کریں گی۔ یہ بی وائی ڈی جاپان کمپنی لمیٹڈ کی جانب سے ہوکائیڈومیں الیکٹرک بسوں کی پہلی ترسیل ہے۔
یہ شٹل بسیں ایک اوپن گیم کے انعقاد کے دوران 14 مارچ کو کام کا آغاز کریں گی جس سےسفر کرنے والوں کو اسٹیشن اور گاؤں کے بڑے مرکز جاپان کی مشہور بیس بال ٹیم نپون ہیم فائٹرز کے نئے ہوم اسٹیڈیم ایس کان فیلڈ ہوکائیڈو کے درمیان سفر کرنے کی سہولت میسر آ ئے گی۔
اس اسٹیڈیم کو باضابطہ طور پر مارچ کے آخر تک استعمال میں لایا جائے گا۔
اسٹیڈیم کے ڈیزائن سے ہم آہنگ تیار کردہ سیاہ رنگ کی بسوں پر چمکیلی نیلی لکیریں موجود ہیں، یہ بزرگوں کے لیے موافق ہیں اور ہر ایک میں 80 مسافروں کو لے جانے کی گنجائش ہے۔
بی وائی ڈی الیکٹرک بسوں کے آپریٹر کے طور پر ہوکائیڈو بس کمپنی نے پہلی بار الیکٹرک بسیں متعارف کروائی ہیں۔