ٹوکیو(شِنہوا) جاپانی وزیر اعظم فومیو کیشیدا نےکہا ہے کہ ان کا پارلیمنٹ کے ایوان زیریں کو فوری طورپر تحلیل کرنے اورفوری انتخابات کرانے کا کوئی منصوبہ نہیں تاہم ان کا کہنا ہے کہ وہ اس اقدام کو خارج ازامکان قرار نہیں دیتے۔کیشیدا نے ان خیالات کا اظہار ایسے موقع پر کیا ہے جب ان کی کابینہ کی ساکھ بری طرح سے متاثر ہوئی ہے اورکئی ایک اسکینڈلز کے باعث دوماہ کے دوران چار وزرا کو برطرف کیا گیا ہے۔
جاپان کے کیوڈو نیوز کی رپورٹ کے مطابق کشیدا نے کہا کہ فی الوقت وہ اگلے سال قبل ازوقت الیکشن پر غور نہیں کر رہے ہیں تاہم 2024 یا بعد میں ٹیکسوں میں اضافے سے پہلے ایوان زیریں کے الیکشن ممکن ہیں، جس کا مقصد دفاعی اخراجات میں غیر معمولی اضافے کو کورکرنا ہے۔
سیاسی فنڈنگ میں بے ضابطگیوں، وزارتی اختلافات اور کابینہ کے رکن اور حکمران لبرل ڈیموکریٹک پارٹی (ایل ڈی پی) کے اراکین کے ایک مشکوک مذہبی تنظیم سے روابط کی وجہ سے، اکتوبر 2021 میں اقتدار سنبھالنے کے بعد سے کشیدا کی عوامی حمایت کم ترین سطح پر آ گئی ہے۔