رم اللہ(شِنہوا) فلسطین کے وزیراعظم محمد اشتیہ نے گزشتہ روز ایک اسرائیلی اہلکار کی جانب سے فلسطینی نیشنل اتھارٹی (پی این اے) کے مخالف تبصرے کا جواب دیتے ہوئے پی این اے کے قیام کا دفاع کیا ہے۔
اس سے قبل نامزد اسرائیلی وزیر برائے قومی سلامتی اتمار بن غویر نے اسرائیلی میڈیا سے گفتگو میں کہا تھا کہ وہ پی این اے کو ختم کر دیں گے اور وہ فلسطینیوں کی ان زمینوں کو ضم کرنے کا ارادہ رکھتے ہیں جن پر اسرائیلی بستیاں قائم ہیں اور فلسطینیوں کو چھوڑ دیا جائیگا کہ وہ اپنی کمیونٹیز میں اختیارات اور مراعات کے بغیر اپنے معاملات چلا سکیں۔
کابینہ کے ہفتہ وار اجلاس میں محمد اشتیہ نے کہا کہ پی این اے کو فلسطینی ریاست کی بنیاد کیلئے قائم کیا گیا تھا جسے اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق دنیا کے 140 ممالک نے تسلیم کیا تھا ، انہوں نے مزید کہا کہ یہ کوئی تحفہ یا کسی کا احسان نہیں ہے۔
پی این اے کا قیام 1993ء میں اسرائیل اور فلسطینیوں کے درمیان ہونے والے اوسلو امن معاہدے کے مطابق عمل میں لایا گیا تھا۔