غزہ شہر میں فلسطینی بچےاسرائیلی فضائی حملے سے تباہ ہونے والے اپنے مکان کے ملبے پر بیٹھے ہیں۔(شِنہوا)
رم اللہ(شِنہوا)فلسطین لبریشن آرگنائزیشن(پی ایل او)نےاسرائیلی حکومت کی طرف سے مغربی کنارے میں بستیوں کی توسیع کو روکنے کے بین الاقوامی مطالبات کا خیر مقدم کیا ہے۔
پی ایل او کی ایگزیکٹو کمیٹی کے سیکرٹری جنرل حسین الشیخ نے ایک پریس بیان میں کہا کہ پی ایل اومغربی کنارے میں نو بستیوں کو قانونی حیثیت دینے سے متعلق امریکہ، برطانیہ، جرمنی، فرانس اور اٹلی کی طرف سے اسرائیلی حکومت کے حالیہ فیصلوں کے بارے میں جاری کردہ بیان کا خیرمقدم کرتا ہے۔
الشیخ نے ان ممالک سے مطالبہ کیا کہ وہ اپنے ان الفاظ کوعملی جامہ پہنائیں اوربین الاقوامی برادری کو آمادہ کریں کہ وہ اسرائیل کو فلسطینی عوام کے خلاف اپنی جارحیت اور یکطرفہ اقدامات روکنے پر مجبور کرے۔
اس سے پہلے پانچ ممالک کے وزرائےخارجہ نےاسرائیلی حکومت کی طرف سے بستیوں میں ہزاروں نئے گھر بنانے اور نو چوکیوں کو قانونی حیثیت دینے کے فیصلے پر تشویش کا اظہار کیا تھا۔
اسرائیلی حکومت نے بین الاقوامی تنقید کو مسترد کرتے ہوئے ہزاروں نئے گھربنانے اور غیر مجاز چوکیوں کو قانونی حیثیت دینے کے عزم کا اظہار کیا۔