بیجنگ (شِنہوا) چین کے صدر شی جن پھنگ نے کہا ہے کہ چین کو ایک عظیم جدید سوشلسٹ ملک بنانے اور قومی تجدید شباب کو آگے بڑھانے کے نئے سفر میں عوام کو فوقیت دینا لازم ہے۔
صدر شی نے 14 ویں قومی عوامی کانگریس کے پہلے سیشن کے اختتامی اجلاس سے خطاب میں کہا کہ چین کو ہر اعتبار سے ایک عظیم جدید سوشلسٹ ملک بنانے میں فیصلہ کن قوت عوام ہیں۔
صدر شی نے مکمل عوامی جمہوریت کو فعال طرز پر فروغ دینے اور کمیونسٹ پارٹی آف چائنہ کی قیادت کے اتحاد، ملک کو عوام کے ذریعے چلانے اور قانون پر مبنی حکمرانی برقرار رکھنے کی کوششوں پر زور دیا۔
انہوں نے کہا کہ عوام پرمبنی ترقی کے فلسفے پرعمل درآمد کرنا چاہیے تاکہ جدیدیت کے فوائد سے تمام افراد یکساں طور پر مستفید ہوں۔ اور سب کے لئے خوشحالی کے فروغ کی مزید قابل ذکر اور ٹھوس پیشرفت ہو۔
صدر شی نے تمام نسلی گروہوں کے چینی عوام کے عظیم اتحاد اور اندرون و بیرون ملک چینی قوم کے تمام بیٹوں اور بیٹیوں کے عظیم اتحاد کو مضبوط اور وسیع کرنے پر بھی زور دیا ۔
صدرشی نے کہا کہ ایسا کرنے سے ہم تمام سازگار عوامل کو متحرک کرکے ایک طاقتور قوت تشکیل دیں گے جو ایک عظیم جدید سوشلسٹ ملک کی تعمیر اور قومی تجدید شباب میں سہولت فراہم کرے گی۔