بیجنگ (شِنہوا) چین کے صدر شی جن پھنگ نے الائنس فار کلچرل ہیریٹیج ان ایشیا کی جنرل اسمبلی کو تہنیتی خط بھیجا ہے۔
صدرشی نے کہا کہ انسانی تہذیب کا ایک اہم گہوارہ ہونے کے سبب ایشیا نے ثقافتی ورثے کی بھرپور پرورش کی اور عالمی تہذیبوں کی تاریخ میں ایک شاندار باب رقم کیا۔
انہوں نے زور دیا کہ اتحاد کا قیام ایشیائی ثقافتی ورثے کے تحفظ اور ایشیائی تہذیبوں کے درمیان تبادلے گہرا کرنے کے ساتھ ساتھ عالمی تہذیبوں کے اس گلشن کو مزید پھلنے پھولنے اور انسانی تہذیب کی ترقی میں معاونت کرے گا۔
چین کے صدر شی نے کہا کہ اتحاد کے خاکے میں چین ثقافتی ورثے کے تحفظ پر تجربات کا تبادلہ مضبوط بنانے ، ثقافتی ورثے میں بین الاقوامی تعاون بڑھانے، تہذیبوں میں مکالمہ اور تعاون کا نیٹ ورک قائم کرنے کے لئے ایشیائی ممالک کے ساتھ ملکر کام کرنے کا خواہشمند ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ چین باہمی افہام و تفہیم بڑھانے ، مختلف ممالک کے عوام میں قریبی تعلقات استوار کرنے اور مشترکہ طور پر انسانی تہذیب کی ترقی کے فروغ میں ایشیائی ممالک سے ہاتھ ملانے کو تیار ہے۔
جنرل اسمبلی کا اجلاس صوبہ شانشی کے شہر شی آن میں ہوا ۔ اجلاس کی میزبانی وزارت ثقافت و سیاحت، قومی ثقافتی ورثہ انتظامیہ اور شانشی کی صوبائی عوامی حکومت نے مشترکہ طور پرکی۔