بیجنگ (شِنہوا)چین کے ریاستی کونسلر اور وزیر برائے قومی دفاع لی شانگ فو نے گزشتہ روز بیجنگ میں سابق امریکی وزیر خارجہ ہنری کسنجر سے ملاقات کی۔ ہنری کسنجر سے ملاقات میں لی نے کہا کہ بحران زدہ اور تبدیل ہوتی دنیا میں تمام ممالک کے لوگ امید کرتے ہیں کہ چین اور امریکہ بڑے ممالک کی حیثیت سے اپنی ذمہ داریوں کو نبھاتے ہوئے مشترکہ طور پر عالمی خوشحالی اور استحکام کی حفاظت کر سکتے ہیں۔لی نے کہا کہ صدرشی جن پھنگ نے باہمی احترام، پرامن بقائے باہمی اوریکساں مفاد پرمبنی تعاون کے تین اصولوں کوپیش کیا اور چین اور امریکہ کے لیے نئے دور میں ساتھ چلنے کے لیے صحیح راستے کی نشاندہی کی ہے۔چینی وزیر نے اس امید کا اظہارکیا کہ امریکہ چین کے ساتھ مل کر دونوں ممالک کے رہنماؤں کے درمیان طے پانے والے اتفاق رائے کو عملی جامہ پہنائے گا اور دونوں ممالک اور ان کی افواج کے درمیان تعلقات کی صحت مند اور مستحکم ترقی کو فروغ دے گا۔