• Dublin, United States
  • |
  • May, 15th, 25

شِنہوا پاکستان سروس

چینی وزیر اعظم کی امریکی موسمیاتی ایلچی سے ملاقات،موسمیاتی تبدیلی سے نمٹنے کے لیے عالمی معاہدوں کی پاسداری پر زورتازترین

July 18, 2023

بیجنگ(شِنہوا)چین کے وزیر اعظم لی چھیانگ نے منگل کوبیجنگ میں امریکہ کے خصوصی صدارتی ایلچی برائے موسمیات جان کیری سے ملاقات کی۔

لی نے کہا کہ چین اور امریکہ دونوں دنیا کے اہم ممالک ہیں اور ان کے درمیان وسیع تعاون سے نہ صرف ایک دوسرے بلکہ پوری دنیا کوفائدہ پہنچے گا۔

انہوں نے کہا کہ دونوں فریقوں کو گزشتہ سال بالی، انڈونیشیا میں دونوں سربراہان مملکت کی ملاقات میں طے پانے والے اتفاق رائے کو عملی جامہ پہنانے کے لیے ٹھوس اقدامات کرنے چاہئیں اوراختلافات کو مناسب طریقےسےدور کرنا چاہیے اور چین-امریکہ تعلقات کو انکی ابتداء کی طرح پائیدارترقی کی راہ پر  واپس لانا چاہیئے۔

لی نے موسمیاتی تبدیلی پرعالمی ردعمل کو ایک مشکل کام قرار دیتے ہوئے کثیرالجہتی پر عمل سمیت اقوام متحدہ کے ماحولیاتی تبدیلی کے فریم ورک کنونشن اور پیرس معاہدے میں طے شدہ اہداف اور اصولوں پر عمل کرنے پر زور دیا۔

لی نے کہا کہ تمام فریقین کو اپنی اپنی ذمہ داریاں نبھانی چاہئیں اور ماحولیاتی تبدیلیوں سے نمٹنے کے لیے مشترکہ طور پر مختلف ذمہ داریوں کے اصول کی پاسداری کرنی چاہیے۔

چینی وزیر اعظم نے کہا کہ ترقی یافتہ ممالک کو زہریلی گیسوں کے اخراج کو کم کرنے میں پیش پیش رہنا چاہیے اور اپنے مالیاتی وعدوں کو جلد از جلد پورا کرنا چاہیے جبکہ ترقی پذیر ممالک کو اس حوالے سے اپنی صلاحیت کے مطابق حصہ ڈالنا چاہیے۔