بیجنگ (شِنہوا) چینی محققین نے کوانٹم چپس کو تازہ رکھنے کے لیے ویکیوم سٹوریج کیبنٹ تیار کی ہے جسے ملک کی پہلی کوانٹم چپ پروڈکشن لائن میں استعمال کیاگیا ہے۔
مشرقی صوبے آنہوئی میں اوریجن کوانٹم کمپیوٹنگ ٹیکنالوجی کمپنی کے محققین نے اسٹوریج کیبنٹ تیار کرنے کے لیے ہائی ویکیوم اسٹوریج ٹیکنالوجی کا استعمال کیا جو کوانٹم چپس کی کمپیوٹنگ صلاحیت کو برقرار رکھنے کے لیے مثالی اسٹوریج ماحول فراہم کر سکتا ہے۔
اوریجن کوانٹم کی چپ آر اینڈ ڈی ٹیم کے سربراہ جیا ژی لونگ نے کہاکہ کوانٹم چپس میں موجود سپر کنڈکٹنگ مواد ماحول کے لیے انتہائی حساس ہے اور ہوا میں آکسیجن اور پانی کے ساتھ آسانی سے رد عمل ظاہر کرتا ہے، بالکل اسی طرح جیسے کھانا ہوا میں رکھنے سے آکسائڈائز ہو کر خراب ہو جاتا ہے۔
آنہوئی صوبے کے انجینئرنگ ریسرچ سنٹر میں کوانٹم کمپیوٹنگ کے نائب ڈائریکٹرجیا کا کہنا ہے اگر کوانٹم چپس کو صحیح طریقے سے ذخیرہ نہ کیاگیاہو تو وہ قابل استعمال نہیں رہتیں ۔ اسٹوریج کیبنٹ ان کے لیے ویکیوم ماحول فراہم کر سکتی ہے، بالکل اسی طرح جیسے فریج کھانے کو تازہ رکھ سکتا ہے۔
کوانٹم چپس کوانٹم کمپیوٹرز کا بنیادی جزو ہیں۔ روایتی چپس کے برعکس، کوانٹم چپس پیچیدہ پیداواری عمل سے بنتی ہیں۔ ماحول کا درجہ حرارت، شور، تھرتھراہٹ، برقی مقناطیسی لہریں اور آلودگی کے چھوٹے ذرات جیسے عوامل اس کے پیداواری عمل کو متاثر کر سکتے ہیں۔