اسلام آباد (شِنہوا) چین اور پاکستان کی خیراتی تنظیموں کی جانب سے اسپتالوں میں زیر علاج بچوں کے رشتہ داروں کو عارضی رہائش فراہم کرنے کے لیے قائم کردہ خیراتی مرکز کا باضابطہ افتتاح کردیا گیا ہے۔
اسلام آباد چائنہ۔پاکستان یوتھ ون ہارٹ اسٹیپ اینڈ کیور ہوم (آئی سی او ایس ایچ) کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مخیر حضرات اور حکام نے کہا کہ پاکستان اور چین نے مل کر پاکستان میں بیمار انسانیت کی خدمت اور ان کی زندگیوں میں آسانیاں پیدا کی ہیں۔
بیجنگ میں قائم خیراتی ادارے ون ہارٹ اسفیئر چیریٹی فاؤنڈیشن (بی او ایچ ایس)، اسلام آباد میں قائم رضاکار تنظیم چائنہ۔پاکستان یوتھ ایکسچینج کمیونٹی اور پاکستانی غیر سرکاری تنظیم اسٹیپ اینڈ کیور نے پاکستان کے دارالحکومت اسلام آباد میں واقع خیراتی مرکز کی مالی اعانت کرتے ہوئے اسے فعال کیا ہے۔
آئی سی او ایس ایچ کی پاکستانی ڈائریکٹر اور اسٹیپ اینڈ کیور کی بانی ثوبیہ عدنان نے گزشتہ سال چینی فریق کے ساتھ ایک ملاقات میں ملک کے دور دراز علاقوں سے اسلام آباد آنے والے مریضوں کے تیمارداروں کو درپیش مسائل پر تبادلہ خیال کیا تھا۔
انہوں نے مزید کہا کہ چینی ہمارے ساتھ تعاون کرنے کے لئے بہت مہربان تھے ، انہوں نے خیراتی مرکز قائم کیا جہاں تیماردار رہ سکتے ہیں ، کھانا کھا سکتے ہیں اور کچھ دیر کے لئے آرام کر سکتے ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ آئی سی او ایس ایچ کے دوسرے بڑے منصوبے میں مختلف طویل مدتی ذہنی اور جسمانی بیماریوں میں مبتلا بچوں کی علاج گاہ میں رہائش اور علاج شامل ہے جہاں ان کے تیماردار بھی ان کے ساتھ رہ سکتے ہیں۔
چین کی مدد سے، ہم نے ایک بیج بویا ہے۔ اس کا آغاز اسلام آباد میں ایک چھوٹے سے منصوبے سے ہو رہا ہے اور دونوں ممالک کے عوام کے تعاون سے ہم اسے پاکستان کے دیگر شہروں تک وسعت دیں گے۔
آئی سی او ایس ایچ کے چینی ڈائریکٹر اور بی او ایچ ایس کے بانی کیو سو نے اپنے خطاب میں کہا کہ ان کی ٹیم نے گزشتہ سال پاکستان کے سیلاب سے متاثرہ لوگوں کی مدد کی تھی اور ان کی مدد جاری رکھنے کے لیے ایک طویل مدتی پروگرام شروع کرنے کا فیصلہ کیا تھا۔
انہوں نے کہا کہ چینی خیراتی ادارے نے علاج کے انتظار میں اسپتال سے باہر ٹھہر نے والے بیمار پاکستانی بچوں اور ان کے اہل خانہ کو پناہ اور کھانا فراہم کرنے کے لیے یہاں ایک خیراتی مرکز بنانے کا فیصلہ کیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ہم چاہتے ہیں کہ ہماری دوستی کے ثمرات بیمار پاکستانی عوام اور ان کے اہل خانہ تک پہنچیں اور مستقبل میں یہ تعاون مزید بڑھے گا۔
پاکستان میں چینی سفارت خانے میں قونصلر امور کے قونصلر لی یو نے دوطرفہ دوستی پر روشنی ڈالتے ہوئے مزید کہا کہ چینی خیراتی ادارے دونوں ممالک کے عوام کے درمیان تعلقات کو مضبوط بنانے میں اہم کردار ادا کرتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ بیلٹ اینڈ روڈ منصوبے کی تکمیل کے لئے عوامی رائے کی بنیاد اور چین پاکستان اقتصادی راہداری کی تعمیر کے لئے عوامی سطح پر تعلقات ہیں۔
انہوں نے پاکستان میں سماجی بہبود کی سرگرمیوں کے لئے چینی تنظیموں کی کوششوں اور پاکستانی عوام کی مدد کے لئے فرنٹ لائن پر کام کر نے کی سخت محنت کو سراہا۔
پاکستان کے مختلف علاقوں سے تعلق رکھنے والے آئی سی او ایس ایچ کے بچوں نے صحت مند زندگی اور امید افزا مستقبل کی جانب سفر میں مدد کرنے پر چینی رضاکاروں کا بھی شکریہ ادا کیا۔