شین یانگ (شِںہوا) چین کے معروف لیتھیم آئن بیٹری ساز اداروں میں سے ایک ای وی ای انرجی کمپنی لمیٹڈ نے چین کے شمال مشرقی صوبہ لیاؤننگ کے دارالحکومت شین یانگ شہر میں بیٹری کے پیداواری مرکز کی بنیاد رکھ دی ہے۔
اس منصوبے پر مجموعی طور پر 10 ارب یوآن (تقریباً 1.46 ارب امریکی ڈالرز) کی سرمایہ کاری کی جائے گی ۔ شہر کے ضلع تائی شی میں قائم اس پلانٹ کا رقبہ 3 لاکھ 74 ہزار مربع میٹرز ہوگا اور اس میں مصنوعی ذہانت سے بھی مدد لے جائے گی۔
اس منصوبے میں بیٹری سیلزاور اس کی ساخت کے اجراء ، این ایم پی ڈسٹیلیشن ٹینک اور دیگر سہولیات کی تیاری کے لئے ورکشاپس تعمیر کی جائیں گی جس کا مجموعی رقبہ 4 لاکھ 20 ہزار مربع میٹرز ہوگا۔
تائی شی کے پارٹی سربراہ گو ژونگ شیاؤ کے مطابق، تائی شی میں جرمن آٹو کی بڑی کمپنی بی ایم ڈبلیو کے بیٹری پیداوار منصوبے کے ساتھ، یہ اپ سٹریم اور ڈاؤن اسٹریم صنعتی چین کو مربوط کرے گا اور اس سے ضلع میں بیٹری صنعتی مرکز کی تعمیر میں مدد ملے گی۔
تائی شی میں نئی توانائی صنعت کی پیداواری مالیت 2030 تک 100 ارب یوآن ہونے کا تخمینہ لگایا گیا ہے جس میں متعلقہ صنعتی گروپس جیسے لیتھیم بیٹریاں ، ہائیڈروجن توانائی ، اور توانائی کی ذخیرہ گاہیں شامل ہیں۔
کمپنی کے شریک بانی اور صدر لیو جیان ہوا نے کہا کہ شین یانگ نے نئی توانائی کی صنعت میں اعلیٰ درجے کی ترقی کے فروغ کے لئے کوششیں تیز کی ہیں جس سے شہر ای وی ای جیسی نئی توانائی کمپنیوں کے لئے پرکشش ہو گیا ہے۔ یہ منصوبہ 2026 میں مکمل ہونے کی توقع ہے۔