• Dublin, United States
  • |
  • May, 16th, 25

شِنہوا پاکستان سروس

چین، موسم گرما کے دوران اناج کی زبردست پیداوارتازترین

July 16, 2023

بیجنگ(شِنہوا)چین میں خراب موسم کے اثرات کے باوجود ایک اور سال موسم گرما کے دوران اناج کی زبردست پیداوار ہوئی ہے۔ قومی ادارہ شماریات کے مطابق ملک میں رواں سال موسم گرما کے دوران ملک میں اناج کی مجموعی پیداوار 14 کروڑ 61 لاکھ 30 ہزار ٹن رہی جو گزشتہ برس کی نسبت 0.9 فیصد یا  12 لاکھ 70 ہزار ٹن زائد ہے۔ بیورو کے ایک عہدیدار وانگ گوئی رونگ نے بتایا کہ موسم گرما کے اناج کی زبردست فصل اناج کی سالانہ پیداوار مستحکم کرنے میں ٹھوس بنیاد اور پائیدار معاشی بحالی میں مضبوط تعاون فراہم کرے گی۔ چین میں موسم گرما کے دوران اناج کی بوائی کا رقبہ 3 برس سے مسلسل بڑھ رہا ہے جو 2023 میں بڑھکر 2 کروڑ 66 لاکھ 10 ہزار ہیکٹر تک پہنچ گیا۔ اس عرصے میں 2 کروڑ 30 لاکھ ہیکٹر سے زائد رقبہ پر گندم کی بوائی ہوئی جو گزشتہ برس کی نسبت 0.4 فیصد زائد ہے۔ وانگ نے بتایا کہ کسانوں کو اناج اگانے کی ترغیب دینے کے لئے مرکزی حکومت نے گندم کی کم از کم خریداری کی قیمت میں اضافے کا سلسلہ جاری رکھا اور انہیں ایک بار سبسڈی فراہم کی۔اس کے ساتھ فی یونٹ رقبے پر اناج کی پیداوارمیں معمولی کمی ریکارڈ کی گئی جو گزشتہ برس کی نسبت 1.2 فیصد کم ہوکر 5491.8 کلوگرام فی ہیکٹررہ گئی۔ وانگ نے کہا کہ یہ کمی مئی کے اختتام پر چین کے شمالی علاقوں کے گندم پیدا کرنے والے علاقوں میں بڑے پیمانے پر اور تیز بارش کی وجہ سے ہوئی ہے۔ دریں اثنا، چین کے جنوب مغربی علاقوں میں مسلسل خشک سالی سے یون نان اور گوئی ژو صوبوں میں فی یونٹ پیداوار میں کمی ہوئی ۔ وزارت زراعت و دیہی امور کے گزشتہ برس جاری کردہ زراعت بارے 5 سالہ منصوبے کے تحت چین اپنی اناج کی سالانہ پیداوار کو 650 ارب کلوگرام سے زیادہ پرمستحکم کرے گا اور اناج کی حفاظت یقینی بنانے کے لیے 2025 تک 700 ارب کلو گرام کے ہدف کو حاصل کرنے کی کوشش کرے گا۔