بیجنگ(شِنہوا)چین کے دارالحکومت بیجنگ کے ایک اسپتال میں 19 سالہ مریض میں الزائمر کی بیماری کی تشخیص ہوئی ہے،اس بیماری کا یہ نادرکیس زیادہ تر عمر رسیدہ لوگوں میں پایا جاتا ہے۔ کیپٹل میڈیکل یونیورسٹی کے ماتحت شوان ووہسپتال کے نیورولوجی ڈیپارٹمنٹ کے ڈاکٹر جیا لونگ فئی نے کہا کہ نوجوان مریض میں17 سال کی عمر میں یادداشت کی خرابی کی علامات پیدا ہونا شروع ہوگئی تھیں، اور اسے ایک دن پہلے ہونے والی چیزوں کو یاد رکھنے میں مشکلات کا سامنا ہے۔ اسپتال میں مریض کے مختلف قسم کے ٹیسٹ کیے گئے ہیں ، جن میں دماغی اسپائنل فلوئڈ انڈیکس ٹیسٹ اور پی ای ٹی اسکین شامل ہیں، جو الزائمر کی بیماری کی تشخیص کے لیے دنیا کے سب سے مستند ٹیسٹ شمار کیے جاتے ہیں۔
اسکیننگ سے تیار کردہ تصاویر سے پتہ چلتا ہے کہ مریض کو ہلکے ہپوکیمپل ایٹروفی اورغیرمعمولی دماغی اسپائنل فلوئڈ انڈیکسز ہیں۔ مریض کی طبی تشخیص سے متعلق ایک مقالہ جرنل آف الزائمر ڈیزیز میں بھی شائع ہوا ہے۔