ہوہوٹ(شِنہوا) چین کے شمالی اندرونی منگولیا خود اختیار علاقے میں ایرن ہوٹ بندرگاہ کے ذریعے ہونے والی درآمدی و برآمدی تجارت کی مالیت نے 2003 سے اب تک ایک نیا ریکارڈ بنا دیا ہے، جس کی مجموعی مالیت رواں سال جنوری سے اپریل تک گزشتہ سال کے مقابلے میں105.3 فیصد اضافے کے ساتھ12ارب98کروڑ یوآن( تقریباً1ارب86کروڑ ڈالر) رہی۔
مقامی کسٹم حکام کے مطابق، اس سال کے پہلے چار ماہ میں، زمینی بندرگاہ سے درآمدات کی مالیت 7ارب89کروڑ یوآن اور برآمدات5ارب9کروڑ یوآن رہیں جو بالترتیب گزشتہ سال سے107.4 فیصد اور 102.2 فیصد زیادہ ہے۔
تانبا، کوئلہ، کاغذ کا گودا اور لوہے کی تجارت میں اس مدت کے دوران اضافے کا رجحان دیکھا گیا۔ مقامی کسٹم حکام کا کہنا ہے کہ وہ کسٹم کلیئرنس کے طریقہ کار کو آسان کرنے کی کوششیں کر رہا ہے۔