دارالسلام(شِنہوا)چین نے مشرقی افریقی کمیونٹی (ای اے سی) کے ساتھ استعداد کار بڑھانے، تجارت، بنیادی ڈھانچے کی ترقی اور دیگر شعبوں میں تعاون کو مضبوط بنانے کا عہد کیا ہے۔ تنزانیہ میں چین کے سفیر چھن منگ جیان نے کہا کہ چین دنیا کا سب سے بڑا ترقی پذیر ملک ہونے کے ناطے نہ صرف ای اے سی بلکہ پورے افریقی براعظم میں اقتصادی ترقی کو فروغ دینے کے بارے میں انتہائی پرامید ہے۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ چھن نے یہ تبصرہ تنزانیہ کے شمالی شہر اروشا میں ای اے سی ہیڈ کوارٹر کو تین بسز اور پانچ ڈبل کیبن پک اپ سمیت آٹھ گاڑیا ں حوالے کرتے ہوئے کیا۔ چھن نے کہا کہ گاڑیوں کا عطیہ ژونگ ٹونگ اور جے ایم سی سمیت سب سے مشہور چینی آٹوموبائل مینوفیکچررز کی طرف سے تھا جو کہ خطے بھر میں اجلاسوں اور تقریبات کے انعقاد اور رابطہ کاری میں اپنی صلاحیت کو بہتر بنانے میں ای اے سی کی مدد کرے گا ۔ چین نے گاڑیوں کی دیکھ بھال اور آپریشنز میں مدد کے لئے تکنیکی ماہرین اور مختلف موٹر وہیکل اسپیئر پارٹس بھی بھیجے ہیں۔ چینی سفیر نے کہا کہ چین ترقی کے حوالے سے ای اے سی کا زبردست اور مضبوط حامی رہے گا اور انہوں نے دونوں فریقین کے باہمی فائدے کے لیے علاقائی بلاک کے ساتھ تعاون اور یکجہتی کو مضبوط بنانے کی خواہش کا اعادہ کیا۔ چین علاقائی امن و استحکام کو برقرار رکھنے، علاقائی بنیادی ڈھانچے کو بہتر بنانے، نوول کرونا وائرس کے خلاف مشترکہ طور پر لڑنے، علاقائی اقتصادی انضمام کو فروغ دینے اور خطے کے ممالک کی اقتصادی بحالی میں ای اے سی کے اہم کردار کو سراہتا ہے۔