اقوام متحدہ (شِنہوا)چین کے ایک مندوب نے اسرائیلی اور فلسطینی شہر یوں کے درمیان تشدد کے سلسلے کو ختم کرنے اور مشترکہ سلامتی کے لئے کوششیں کرنے پر زور دیا ہے۔ اقوام متحدہ میں چین کے مستقل مندوب ژانگ جون نے کہا کہ فلسطین اور اسرائیل ہمسایہ ہیں جنہیں ایک دوسرے سے دور نہیں کیا جا سکتا۔ کسی بھی فریق کو دوسرے فریق کی سلامتی کی قیمت پر مطلق سلامتی کی کوشش نہیں کرنی چاہیے۔ بین الاقوامی برادری کو چاہیے کہ وہ دونوں فریقین کے جائز سلامتی کے خدشات پر یکساں توجہ دے اور مشترکہ، جامع، تعاون پر مبنی اور پائیدار سلامتی کے وژن کو فروغ دے۔ انہوں نے سلامتی کونسل کو بتایا کہ دونوں فریقین کی بات چیت اور مذاکرات کے ذریعے مشترکہ سلامتی کے حصول کے لئے حوصلہ افزائی کی جانی چاہئے جبکہ تشدد کے سلسلے کو ختم کرنا ضروری ہے۔ ژانگ نے کہا کہ مشرق وسطی کی صورتحال پر اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل کی تازہ ترین رپورٹ میں مقبوضہ علاقے میں تشدد اور فلسطینی شہر یوں کی ہلاکتوں کے ساتھ ساتھ اسرائیل کی جانب شہری ہلاکتوں کی خطرناک تفصیلات فراہم کی گئی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ میں چین کی جانب سے یکطرفہ اقدامات کی مخالفت کا اعادہ کرنا چاہتا ہوں جو مقبوضہ علاقے میں کشیدگی میں اضافہ کرتے ہیں، شہریوں کے خلاف تمام تشدد کے ساتھ ساتھ غیر ذمہ دارانہ طور پر اشتعال انگیزی کرتے ہیں۔ قابض طاقت کو بین الاقوامی انسانی قانون کے تحت اپنی ذمہ داریاں پوری کرنی چاہئیں اور مقبوضہ علاقے میں لوگوں اور ان کی املاک کے تحفظ کی ضمانت دینی چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ بین الاقوامی قانون کی حکمرانی کو برقرار رکھنا اور حیثیت کو تبدیل کرنے کے لئے یکطرفہ اقدامات کو روکنا ضروری ہے۔