• Columbus, United States
  • |
  • Jul, 10th, 25

شِنہوا پاکستان سروس

چین کا ایرانی جوہری معاہدے سے متعلق سفارتی کوششیں تیز کرنے کا مطالبہتازترین

December 26, 2022

بیجنگ (شِنہوا) چین نےایرانی جوہری معاہدے( جے سی پی او اے)پر عملدرآمد کوجلد ازجلد ٹریک پر لانے کے لیے معاہدے کے تمام فریقین سے مذاکرات کے لیے پرعزم رہنے اور سفارتی کوششوں کو تیز کرنے کی ضرورت پر زوردیا ہے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق ایرانی وزیر خارجہ حسین امیر عبداللہیان نے ایک ٹوئیٹ میں کہا کہ یورپی یونین کے اعلیٰ نمائندے برائے خارجہ امور و سیکورٹی پالیسی جوزف بوریل کے ساتھ ان کی حالیہ ملاقات میں انہوں نے جے سی پی او اے کی بحالی کے معاہدے کے لیے حتمی اقدامات کرنے پر اتفاق کیا ہے۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ جے سی پی او اے کو بحال کرنے کا موقع اب موجود ہے لیکن  یہ ہمیشہ نہیں رہے گا۔

چینی وزارت خارجہ کی ترجمان ماؤ ننگ نے پیر کواس حوالے سے کہاکہ جے سی پی او اے کے نفاذ کو دوبارہ شروع کرنے کے لیے مذاکرات آخری مرحلے میں ہیں۔ مذاکرات کو درپیش پیچیدہ اور مشکل مراحل کے باوجود، اب بھی کسی معاہدے تک پہنچنے کی امید ہے۔

ماؤ نے کہا کہ کچھ عرصے سے، ایران نے جے سی پی او اے پر عملدرآمد دوبارہ شروع کرنے کے لیے معاہدے کے لیے اپنے خلوص کا مظاہرہ کیا ہے۔ متعلقہ فریقوں کو اسی سمت میں کام کرنے، درست فیصلہ کرنے، مثبت اور تعمیری قدم اٹھانے، ایرانی جوہری مسئلے کو دیگر مسائل سے مشروط کرنے سے گریز کرنے اور مذاکرات کو جلد از جلد نتیجہ خیز بنانے میں مدد کی ضرورت ہے۔