برلن (شِںہوا) مرسڈیز بینز کاروں کی فروخت رواں سال کی دوسری سہ ماہی کے دوران 6 فیصد اضافے سے 5 لاکھ 15 ہزار 700 یونٹس تک پہنچ گئی۔
کار ساز کمپنی نے جرمن اور چینی مارکیٹوں کو اضافے کی وجہ قرارد یتے ہو ئے ایک بیان میں کہا ہے کہ سب سے بڑی مارکیٹ چین میں مرسڈیزبینز کاروں کی فروخت خاص طور پر ای کلاس اور جی ایل بی ماڈلز کی بدولت 12 فیصد اضافے سے 1 لاکھ 83 ہزار 600 یونٹس رہی۔
جرمنی میں 23 فیصد اضافہ کے ساتھ 58 ہزار 600 کاریں فروخت ہوئیں ۔
مرسڈیز بینز گروپ اے جی کے بورڈ آف مینجمنٹ کی رکن بریٹا سیگرنے بتایا کہ پائیدار ترقی پر توجہ کے سبب تمام اہم خطوں اور علاقوں میں ہماری الیکٹرک اور ٹاپ اینڈ گاڑیوں کی خاص طور پر زیادہ فروخت ہوئی ہے۔
کارساز کمپنی کے مطابق اے ایم جی اور مے باخ برانڈز سمیت ٹاپ اینڈ گاڑیوں کی فروخت 12 فیصد اضافے کے ساتھ 84 ہزار 800 یونٹس جبکہ بیٹری سے چلنے والی گاڑیوں کی فروخت تقریباً دوگنا ہو کر 61 ہزار 200 یونٹس تک پہنچ گئی۔
مرسڈیز بیز نے کہا ہے کہ رواں سال کی پہلی ششماہی میں کمپنی کی مجموعی فروخت میں بیٹری سے چلنی والی گاڑیوں اور پلگ ان ہائبرڈ سمیت الیکٹرک گاڑیوں کا حصہ 18 فیصد تک پہنچ گیا۔ کمپنی 2026 تک یہ حصہ بڑھا کر 50 فیصد کرنے کا ارادہ رکھتی ہے۔
مرسڈیز بینزکے چیف ایگزیکٹیو آفیسر اولا کیلینیئس نے کہا کہ جرمن کار ساز کمپنی اپنے کاروبار کے لیے چینی مارکیٹ کی اہمیت کو تسلیم کرنا جاری رکھے گی۔ چین سے باہر نکلنا ایک فریب ہے اور یہ ہماری خواہش بھی نہیں ہے۔