ہانگ کانگ (شِنہوا) ہانگ کانگ بین الاقوامی ہوائی اڈے سے 2023 کی پہلی ششماہی کے دوران 1 کروڑ 65 لاکھ مسافروں کی آمدورفت ہوئی جو 2022 کے اسی عرصے کی کم ترین سطح سے 18 گنا زائد ہے۔
ہانگ کانگ ائیرپورٹ اتھارٹی کے مطابق جون میں 33 لاکھ مسافروں کی آمدورفت ہوئی جو مئی میں مسافروں کی تعداد سے 6.9 فیصد زائد ہے۔ مال برداری اور پروازوں کی آمدورفت میں گزشتہ ماہ کی نسبت 1.4 فیصد اور 0.7 فیصد کا اضافہ ہوا اور یہ بالترتیب 3 لاکھ 55 ہزار ٹن اور 22 ہزار 365 رہی۔
مسافروں اور پروازوں کی آمدورفت کی تعداد میں 2022 کے اسی ماہ کی نسبت بالترتیب 10 گنا اور دوگنا سے زائد اضافہ ہوا۔ تمام خطوں سے مسافروں کی آمدورفت میں گزشتہ برس کی نسبت نمایاں اضافہ ہوا ۔ جنوب مشرقی ایشیا ، چینی مین لینڈ اور جاپان سے آمدورفت میں اضافہ سب سے نمایاں تھا۔
ہانگ کانگ ائیرپورٹ اتھارٹی آپریشنز کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر اسٹیون ییو نے بتایا کہ ہوائی اڈے پر مسافروں کی آمدورفت وبا سے قبل کی سطح کے تقریباً 60 فیصد تک بحال ہوچکی ہے۔ 25 جون کو 1 لاکھ 27 ہزار مسافروں کی آمدورفت ہوئی جو بلند ترین سطح اور نوول کرونا وائرس وبا کے بعد سب سے زیادہ تعداد ہے۔
ییو نے کہا کہ ہانگ کانگ بین الاقوامی ہوائی اڈہ موسم گرما کے سفری موسم میں زیادہ سے زیادہ مسافروں کو خوش آمدید کہنے اور بین الاقوامی ہوا بازی کے مرکز کی حیثیت کو مستحکم کرنے کے لئے فضائی کمپنیوں اور دیگر کاروباری شراکت داروں کے ساتھ ملکر کام کر رہا ہے۔