ہائیکو(شِنہوا)چین کا انتہائی جنوبی صوبہ ہائی نا ن ڈیوٹی فری خریداری اور متعلقہ خصوصیت کی حامل صنعتوں کے ساتھ خود کو سیاحت اور کھپت کا ایک عالمی مرکز بنانے کی کوشش میں مصروف عمل ہے۔ سرکاری اعداد و شمار کے مطابق صوبے میں 2023 کی پہلی سہ ماہی کے دوران 2 کروڑ 60 لاکھ سیاح آئے جس سے 53 ارب یوآن (7.35 ارب امریکی ڈالرز) سے زائد کی آمدن ہوئی جو گزشتہ برس کی نسبت بالترتیب 20.2 فیصد اور 25.4 فیصد زائد ہے۔ روں سال یوم مئی کی 5 روزہ تعطیلات کے دوران صوبے نے 32 لاکھ سیا حوں کو خوش آمدید کہا جو ایک برس کے مقابلے میں 141.5 فیصد زائد ہے جبکہ سیاحت سے آمدن 178.8 فیصد اضافے سے 4.23 ارب یوآن تک پہنچ گئی۔ صوبائی محکمہ سیاحت، ثقافت، ریڈیو، ٹیلی ویژن اور کھیلوں کے ڈپٹی ڈائریکٹر لیو چھنگ نے بتایا کہ صوبہ ساحل ، برساتی جنگلات پارکس اور جزیرے کے اطراف سیاحتی مقامات پر مشتمل ہمہ جہتی سیاحت کو فروغ دے رہا ہے۔ ہائیکو کسٹمز کے مطابق رواں سال کی پہلی سہ ماہی میں صوبے کی ڈیوٹی فری دکانوں نے 16.9 ارب یوآن کمائے جو گزشتہ برس کی نسبت 14.6 فیصد زائد ہے۔ صوبے کا مقصد 12 ڈیوٹی فری شاپنگ مالز کے ساتھ 2023 کے اختتام تک آف شور ڈیوٹی فری فروخت 80 ارب یوآن سے زائد بڑھانا ہے۔ چائنہ ڈیوٹی فری گروپ کا تعمیر کردہ ہائیکو انٹرنیشنل ڈیوٹی فری شاپنگ کمپلیکس دنیا کا سب سے بڑا ڈیوٹی فری شاپنگ مال ہے جس کا تعمیراتی رقبہ تقریبا 2 لاکھ 80 ہزار مربع میٹرہے۔ یہاں 800 سے زائد معروف بین الاقوامی اور ملکی برانڈز دستیاب ہیں۔