بیجنگ (شِنہوا) ایکسپورٹ۔ایمپورٹ بینک آف چائنہ (چائنہ ایگزم بینک) نے رواں سال چھوٹے اور مائیکرو کاروباری اداروں کے لیے قرض تعاون میں اضافہ کیا ہے اور مارچ کے آخر تک ان اداروں کو جاری کردہ واجب الادا جامع قرض 170 ارب یوآن (تقریباً 24.6 ارب امریکی ڈالر) سے زائد ہوچکا تھا۔
بینک نے بتایا کہ رواں سال کے آغاز کے مقابلے میں اس کی قدر 12 فیصد بڑھی ہے۔
اس نے مارچ کے اختتام تک مجموعی طور پر3 لاکھ 20 ہزار چھوٹے اور مائیکرو کاروباری اداروں کو قرض خدمات فراہم کیں۔
بینک کے مطابق پالیسی بینک نے خاص طور پر غیر ملکی تجارتی شعبے میں چھوٹے اور مائیکرو کاروباری اداروں پر خصوصی توجہ دیتے ہوئے قرض تعاون میں اضافہ کیا۔ مارچ کے اختتام تک غیر ملکی تجارتی شعبے میں 6 ہزار سے زائد چھوٹے اور مائیکرو کاروباری اداروں کو پالیسی قرض خدمات فراہم کی گئیں۔
چائنہ ایگزم بینک ایک ریاستی مالی اعانت اور ریاستی ملکیتی پالیسی بینک ہے جو چین کی غیر ملکی تجارت، سرمایہ کاری اور بین الاقوامی اقتصادی تعاون میں مدد فراہم کرتا ہے۔