بیجنگ(شِنہوا) بنیادی سائنس سے متعلق بین الاقوامی کانگریس (آئی سی بی ایس) گزشتہ روز "انسانیت کے لیے سائنس کی ترقی" کے عنوان سے بیجنگ میں شروع ہوگئی۔
منتظمین کے مطابق بین الاقوامی کانگریس 28 جولائی تک جاری رہے گی جس میں تعاون اور علم کے تبادلے کو فروغ دینے کے لیے اندرون و بیرون ملک سے 800 سے زیادہ معروف سائنسدان اور نامور اسکالرزشرکت کررہے ہیں۔ کانگریس میں بنیادی سائنس کی تین شاخوں ریاضی، نظریاتی طبیعیات اور نظریاتی کمپیوٹر ومعلوماتی سائنس پر تبادلہ خیال کیاجارہا ہے۔
کانگریس، جس میں 500 سے زیادہ لیکچرز، سیٹلائٹ میٹنگز اور تبادلوں کے دلچسپ ایونٹس شامل ہیں، کا مقصد عالمی سطح پر اسکالرز کو بات چیت کرنے، شراکت داری قائم کرنے اور بین الضابطہ مکالمے کے لیے ایک مضبوط پلیٹ فارم فراہم کرنا ہے، جس کا حتمی مقصد انسانیت کی بہتری کے لیے سائنس کو ترقی دینا ہے۔ یہ کانگریس بنیادی علوم کی پروفائل کو بہتربنانے اور نوجوان محققین اور طلباء کی اگلی نسل کی حوصلہ افزائی کی بھی ایک کوشش ہے۔