نئی دہلی (شِنہوا) بھارت کی مشرقی ریاست اڑیسہ میں پیر کی صبح 2 بسوں کے درمیان تصادم میں 12 افراد ہلاک اور 7 زخمی ہوگئے۔ مرنے والوں میں ایک ہی خاندان کے 7 افراد شامل ہیں ۔
پولیس کے مطابق یہ حادثہ ریاست اڑیسہ کے صدر مقام بھوبنیشور سے تقریباً 200 کلومیٹر جنوب مغرب میں واقع ضلع گنجم کے علاقے دیگاپھانڈی کے قریب پیش آیا۔
ایک پولیس افسر نے بتایا کہ آج علی الصبح باراتیوں کی ایک بس دیگاپھانڈی کے قریب اڑیسہ اسٹیٹ روڈ ٹرانسپورٹ کارپوریشن کی بس سے ٹکرا گئی جس میں 12 افراد ہلاک اور 7 دیگر زخمی ہوئے۔
عہدیدار کے مطابق زخمیوں کو مہاراجہ کرشن چندر گجاپتی میڈیکل کالج اسپتال اور دیگاپھانڈی اسپتال منتقل کیا گیا ہے جبکہ 2 زخمی کوٹک کے ایک اسپتال میں منتقل کئے گئے ہیں۔
حکام کے مطابق نجی بس میں دولہا کے اہلخانہ اور دوست سوار تھے جو شادی کی تقریب میں شرکت کے بعد واپس لوٹ رہے تھے۔
فوری طور پر حادثے کی وجہ کا علم نہیں ہوسکا۔
پولیس نے مقدمہ درج کرکے جان لیوا حادثے کی وجہ جاننے کے لئے تحقیقات کا حکم دیدیا ہے۔