بیجنگ (شِنہوا) چینی وزارت خارجہ کے ترجمان وانگ وین بن نے کہا ہے کہ چین کی سرکاری ایجنسیوں کو روزانہ متعدد سائبر حملوں کا سامنا کرنا پڑتا ہے، جن میں سے زیادہ تر امریکی ذرائع سے کیے جاتے ہیں۔ ترجمان نے ان خیالات کا اظہار نیوز بریفنگ میں کمیونسٹ پارٹی آف چائنہ کی مرکزی کمیٹی کے دفتر خارجہ امور کے کمیشن کے ڈائریکٹر وانگ یی اور امریکی وزیرخارجہ انتھونی بلنکن کے درمیان جکارتہ میں ہونے والی ملاقات سے متعلق ایک سوال کے جواب میں کیا، جس کے دوران امریکہ نے مبینہ طور پر کہا تھا کہ اس کا حکومتی نیٹ ورک ہیک کیا گیا اور یہ کہ وہ مناسب اقدامات کے ساتھ ہیکرز کو جوابدہ ٹھہرائے گا۔ ترجمان نے کہا کہ وانگ یی نے ملاقات میں سائبر سیکورٹی کے معاملے پر چین کے اصولی موقف کو واضح کیا۔ ترجمان نے کہا کہ چینی سرکاری ایجنسیوں کو روزانہ متعدد سائبر حملوں کا سامنا کرنا پڑتا ہے، جن میں سے زیادہ تر امریکی ذرائع سے ہوتے ہیں،ہم نے متعدد مواقع پر متعلقہ حقائق بین الاقوامی برادری کے ساتھ شیئر کیے ہیں۔ چین سائبر حملے کا سب سے بڑا شکار ہے۔ امریکہ چین پر جھوٹے الزامات لگانا بند کرے۔