اقوام متحدہ(شِنہوا) اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتریس نے افغانستان کے دارالحکومت کابل میں ایک ہوٹل پر حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے اس کے ذمہ داروں کو انصاف کے کٹہرے میں لانے کا مطالبہ کیا ہے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق پیر کو کابل میں ایک ہوٹل پر نامعلوم مسلح افراد نے حملہ کیا ، ہوٹل میں چینی شہری قیام پذیر تھے ۔ حملے میں 3 دہشت گرد ہلاک اور متعدد چینی شہری زخمی ہوئے۔ شدت پسند گروپ داعش سے وابستہ ایک تنظیم نے اس حملے کی ذمہ داری قبول کی ہے۔
سربراہ اقوام متحدہ کے ترجمان اسٹیفن ڈوجارک نے ایک بیان میں کہا کہ انتونیو گوتریس نے سوگوار خاندانوں سے اظہار تعزیت اور زخمیوں کی جلد صحت یابی کیلئے دعا کی ہے۔
بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ سیکرٹری جنرل نے حملے کے ذمہ داروں کو انصاف کے کٹہرے میں لانے کا مطالبہ کرتے ہوئے اس موقف کا اعادہ کیا ہے کہ عام شہریوں اور شہری تنصیبات کے خلاف حملے بین الاقوامی انسانی قانون کے تحت سختی سے ممنوع ہیں۔