اقوام متحدہ(شِنہوا) اقوام متحدہ نے مختلف مذاہب کے مقدس تہوار ایک ساتھ آنے کے خصوصی موقع پرامن کے لیے دعائیہ تقریب کا انعقاد کیا،رواں ماہ دنیا بھر کے مسیحی ایسٹر،یہودی یوم فسح اور سکھ مذہب کے پیروکار بیساکھی کا تہوار منارہے ہیں جبکہ مسلمانوں کے لیے رمضان المبارک کا مہینہ ہے۔
اپنے افتتاحی کلمات میں، اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتریس نے کہا کہ امن کی آج پہلے سے زیادہ ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ جنگ اور تنازعات تباہی، غربت اور بھوک کو جنم دے رہے ہیں، جس سے لاکھوں لوگ بے گھر ہورہے ہیں۔ موسمیاتی افراتفری چاروں طرف پھیلی ہوئی ہے اور یہاں تک کہ پرامن ممالک بھی عدم مساوات اور سیاسی پولرائزیشن کی لپیٹ میں ہیں۔
اقوام متحدہ کے سربراہ نے کہا کہ خوفناک تقسیم کے دور میں، ہم آج مشترکہ مقصد کے لیے یہاں موجود ہیں۔ ہم ایک منفرد لمحے پر جمع ہیں، جب رمضان کاآخری جمعہ ہے، عیسائی ایسٹر منارہے ہیں، یہودیوں کے پاس اوور کااختتام ہے اور سکھ بیساکھی کے تہوار سے لطف اندوز ہورہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ اس موقع پر کیلنڈر بھی لوگوں کے متحد ہونے ، اپنے سیارے کے لیے اتحاد اور امن کے لیے متحد ہونے کا پیغام دے رہاہے۔