اقوام متحدہ(شِنہوا)اقوام متحدہ کے انڈر سیکرٹری جنرل برائے انسانی امور مارٹن گریفتھس نے بلیک سی گرین انیشیٹو میں توسیع کا مطالبہ کیا ہے جو بحیرہ اسود کی بندرگاہوں سے یوکرین کے اناج اور دیگر زرعی مصنوعات کی برآمد کی اجازت دیتا ہے۔
انہوں نے سلامتی کونسل کوایک بریفنگ میں بتایا کہ اس اقدام کے تحت برآمد کی جانے والی خوراک اورروس سے خوراک اور کھاد کی برآمدات عالمی غذائی تحفظ میں اہم کردار ادا کر رہی ہیں کیونکہ اس اقدام کے تحت یوکرین سے 3 کروڑ میٹرک ٹن سے زیادہ کارگو محفوظ طریقے سے برآمد کیا جا چکا ہے۔
انہوں نے کہا کہ برآمدات میں تقریباً 6 لاکھ میٹرک ٹن گندم شامل ہے جو ورلڈ فوڈ پروگرام کے ذریعے افغانستان، ایتھوپیا، کینیا، صومالیہ اور یمن میں براہ راست انسانی امداد کی کارروائیوں کے لیے منتقل کی گئی ہے۔
فوڈ اینڈ ایگریکلچر آرگنائزیشن کے تازہ ترین تجزیہ کے مطابق گزشتہ 12 مہینوں کے دوران عالمی سطح پر اناج کی قیمتوں میں تقریباً 20 فیصد کمی آئی ہے۔ گریفتھس نے کہا کہ گزشتہ ماہ، بین الاقوامی گندم کی قیمتیں جولائی 2021 کے بعد اپنی کم ترین سطح پر پہنچ گئیں جس کا ایک حصہ یوکرینی اناج کی مسلسل نقل و حرکت اور روس اور دیگر مقامات پر برآمد کے لیے بڑی مقدار میں دستیاب ہے۔
انہوں نے جنیواسےایک ویڈیو لنک کے ذریعے کہا کہ یہ ناقابل تردید پیش رفت ہے۔ لیکن ابھی بہت کچھ کرنا باقی ہے۔ انہوں نے کہا کہ انسانی بنیادوں پر خوراک کی امدادی کارروائیوں کے لیے پیش گوئی کے مطابق سپلائی کی ضرورت ہے۔