• Columbus, United States
  • |
  • Jul, 8th, 25

شِنہوا پاکستان سروس

ایران اور سعودی عرب اعلیٰ سطحی دوروں کا تبادلہ کریں گے: ایرانی وزارت خارجہتازترین

April 17, 2023

تہران(شِنہوا)ایران کی وزارت خارجہ کے ترجمان نے کہا ہے کہ ایران اور سعودی عرب دوطرفہ تعلقات کو مکمل طور پر بحال کرنے کی کوششوں کے تحت اور تعاون کو وسعت دینے کیلئے اپنے معاہدوں کے مطابق باہمی دوروں کا تبادلہ کریں گے جن میں اعلیٰ سطح کے دورے بھی شامل ہیں۔

یہ بات ایرانی وزارت خارجہ کے ترجمان ناصر کنعانی نے پیر کے روز ہفتہ وار پریس کانفرنس میں ایرانی صدر ابراہیم رئیسی کے سعودی عرب کے ممکنہ دورے کے بارے میں تفصیلات سے متعلق سوال کا جواب دیتے ہوئے کہی۔

کنعانی نے کہا کہ رئیسی کو سعودی عرب کے فرمانروا شاہ سلمان بن عبدالعزیز آل سعود کی جانب سے دورے کی دعوت موصول ہوئی ہے جس کے جواب میں ایرانی صدر نے سعودی فرمانروا کو تہران کے دورے کی دعوت دی ہے۔

 کنعانی نے کہا کہ دونوں ممالک کے وزرائے خارجہ نے ایک دوسرے کو دوروں کی دعوت بھی دی ہے۔

تاہم ترجمان نے اس بات پر زور دیا کہ تبادلوں پر مبنی اس قسم کے دورے صرف ضروری منصوبہ بندی اور مطلوبہ انتظامی اقدامات کے نفاذ کے بعد کیے جائیں گے۔

 کنعانی نے کہا کہ دونوں فریق دو جامع معاہدوں پر عمل درآمد کی راہ پر گامزن ہیں جن میں پہلا معاہدہ ایک دوسرے کے ساتھ اقتصادی، تجارتی، ثقافتی اور کھیلوں کے تعاون کو بڑھانے اور دوسرا سیکیورٹی تعاون کو بڑھانے کے لیے ہے۔

انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ دونوں ممالک کے وفود دونوں معاہدوں کو عملی جامہ پہنانے کے لیے مستقبل قریب میں مزید تبادلے کریں گے۔

کنعانی نے اس امید کا اظہار کیا کہ تہران-ریاض کے تعلقات سے علاقائی تعاون اور ہم آہنگی بڑھے گی اور پورے خطے کو فائدہ پہنچے گا۔

2015 کے جوہری معاہدے کو بحال کرنے کے لیے بات چیت  پر تہران-ریاض معاہدہ  کے  اثرات سے متعلق ایک سوال پر کنعانی نے کہا کہ ایران اور سعودی عرب کے تعلقات کا جوہری مذاکرات سے کوئی  تعلق نہیں ہے۔