گوایا گویل ، ایکواڈور (شِنہوا) ایکواڈور کے صدر گلرمو لاسو نے 15 ویں چین-لاطینی امریکہ اور کیریبین (ایل اے سی) سربراہی اجلاس کا افتتاح کیا جس کا مقصد خطے میں چینی تجارت اور سرمایہ کاری کو فروغ دینا ہے۔
لاسو نے افتتاحی تقریب میں کہا کہ لاطینی امریکہ اور کیریبین خطے میں 66 کروڑ 20 لاکھ افراد آباد ہیں جو عوامی جمہوریہ چین کے ساتھ قریبی رابطے رکھتے ہیں۔
دونوں فریقوں کے درمیان تجارت 2021 میں 450 ارب امریکی ڈالرز تک پہنچ گئی جو ہمارے تعلقات کی شدت اور نوعیت کی عکاسی کرتی ہے۔
ایکواڈور کے وزیر پیداوار، غیر ملکی تجارت، سرمایہ کاری اور ماہی گیری جولیو جوس پراڈو نے کہا کہ یہ خطہ چینی سرمایہ کاری کے لیے سرفہرست مقامات میں سے ایک بن گیا ہے۔
نجی شعبے اور کاروباری ایوانوں کے نمائندگان اور غیر ملکی تجارت، نقل و حمل، عوامی کاموں، برآمد، سرمایہ کاری کے فروغ اور ٹیلی مواصلات کے سرکاری حکام کانفرنس میں شرکت کریں گے۔
کانفرنس میں میکرو بزنس راؤنڈ ٹیبل اور نوول کرونا وائرس کے بعد کی معاشی بحالی پر ایک مکمل سیشن، تجارت و سرمایہ کاری، سبز صنعت، تھنک ٹینک اور ڈیجیٹل معاونت پر تعاون فورم شامل ہیں.
سالانہ چین ۔ لاطینی امریکہ اور کریبین سربراہ کانفرنس کا انعقاد چائنہ کونسل برائے فروغ غیرملکی تجارت کرتا ہے۔رواں سال ایکواڈور کی وزارت پیداوار، غیر ملکی تجارت، سرمایہ کاری اور ماہی گیری نے اس کے انعقاد میں معاونت کی ہے۔
اس کا قیام 2007 میں عمل میں آیا تھا جس کے بعد سے کانفرنس چین اور لاطینی امریکی ممالک کے برآمد و درآمد کنندگان اور سرمایہ کاروں کو قریب لانے کی ایک بڑی تقریب بن چکی ہے۔