مزارشریف(شِنہوا)افغانستان کے شمالی صوبہ بلخ کے دارالحکومت مزارشریف میں سرکاری ملازمین کی ایک بس بم دھماکے کی زد میں آنے کے باعث 7مسافروں کے ہلاک ہونے کی تصدیق ہو گئی ہے اور 6 افراد زخمی ہوئے ہیں۔
صوبائی پولیس کے ترجمان آصف وزیری نے منگل کے روز نامہ نگاروں کو بتایا کہ مزار شریف شہر کے پولیس ضلع 3 میں مقامی وقت کے مطابق صبح 7 بجکر 30 منٹ پر پھٹنے والا بم سڑک کنارے نصب تھا ، سرحدی قصبے ہراتن کی نظامت پٹرولیم کے ملازمین کی بس دھماکے کی زد میں آنے کے نتیجے میں 7 افراد ہلاک اور 6 دیگر زخمی ہو گئے ہیں۔
اہلکار نے بتایا کہ دھماکہ کے وقت ملازمین اپنے دفتر جا رہے تھے۔
مزید کوئی تفصیلات فراہم کیے بغیر اہلکار نے یہ واضح کیا کہ واقعے کی تحقیقات شروع کر دی گئی ہیں۔
دریں اثناء ایک عینی شاہد نے اپنا نام ظاہر کرنے سے انکار کرتے ہوئے بتایا کہ ہلاکتوں کی تعداد موصولہ اطلاعات سے زیادہ ہو سکتی ہے۔
کسی گروہ یا فرد نے اس مہلک دھماکے کی ذمہ داری قبول نہیں کی ہے۔