بیجنگ(شِنہوا) چین نے بین الاقوامی ایٹمی توانائی ایجنسی (آئی اے ای اے) پر زور دیا کہ وہ جاپان کے فوکوشیما جوہری پلانٹ سے آلودہ پانی کو سمندر میں خارج کرنے کے معاملے میں ذمہ دارانہ حتمی نتیجہ اخذ کرے۔
چینی وزارت خارجہ کے ترجمان وانگ وین بن نے ان خیالات کا اظہار باقاعدہ پریس بریفنگ میں آئی اے ای اے کے ڈائریکٹر جنرل رافیل گروسی کے منگل سے دورہ جاپان اور فوکوشیما جوہری پلانٹ سے تابکاری سے آلودہ پانی کے محفوظ اخراج سے متعلق رپورٹ پیش کیے جانے سے متعلق ایک سوال کے جواب میں کیا،رپورٹ پیش کیے جانے کے بعد آئی اے ای اے کی جانب سے جاپانی منصوبے کی حمایت کا امکان ہے۔
اس بات پر زور دیتے ہوئے کہ جوہری آلودگی کے خطرے کو باقی دنیا تک پھیلانا نہ تو اخلاقی ہے اور نہ ہی قانونی وانگ نے کہا کہ جوہری آلودہ پانی کے اخراج کے منصوبے کوآگے بڑھانے کی جاپانی کوششوں کی چین مستقل طور پر مخالفت کرتا ہے۔ ترجمان نے کہا کہ چین جاپان پر زور دیتا ہے کہ وہ بین الاقوامی برادری اورجاپان کے لوگوں کی جائز تشویش کو مدنظررکھے، تابکار پانی کے سمندرمیں اخراج کے منصوبے کو زبردستی آگے بڑھانا بند کرے، جوہری آلودہ پانی کو سائنس پر مبنی، محفوظ اور شفاف طریقے سے ٹھکانے لگائے اور خود کوعالمی برادری کی سخت نگرانی میں رکھے۔